روہتک میں 2بچوں سمیت 4افراد کی پراسرار موت
ہریانہ- - - - ہریانہ کے روہتک میں پُراسرار حالت میں 2بچوں سمیت 4افراد کی موت کا واقعہ سامنے آیا۔لاشیں گھرمیں پڑی ہوئی ملیں جبکہ نوجوان کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔اس واقعہ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اورلاشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیں۔ذرائع کے مطابق بہو اکبر پور گاؤں کے رہنے والے 30سالہ سندیپ گاؤں کے ہی ایچ ڈی اسکول کی بس کا ڈرائیور تھا۔سندیپ کی لاش گاؤں میں اس کے گھر سے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی جبکہ مکان کے دوسرے کمرے میں سندیپ کی اہلیہ ممتا ، اس کی 6سالہ بیٹی انو اور3سالہ بیٹے گورو کی لاشیں پڑی ہوئی تھی۔مرنیوالے سندیپ کے بھائی وکاس نے پولیس کو دی گئی رپورٹ میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ دونوں بچوں کو قتل کرنے کے بعدبھائی اور بھابھی نے خودکشی کی۔پولیس صدر تھانہ کے ایس ایچ او منجیت مور کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہی حقیقت سامنے آئے گی ۔