Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالی مسائل ایک بار پھر پاکستان ہاکی میں رکاوٹ بن رہے ہیں

لاہور: پاکستانی ہاکی فیڈریشن دہری مشکل کا شکار ہو چکی ہے ، مالی مسائل کے نتیجے میں اسے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پابندی کا سامنا بھی ہو سکتا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ہاکی فیڈریشن نے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث پرولیگ سے دستبرداری پر غور شروع کردیا ہے۔پروہاکی لیگ میں پاکستان کی شرکت میں مالی مسائل ایک بار پھر رکاوٹ بن رہے ہیں اور فیڈریشن نے تاحال ٹیم کے سفری انتظامات نہ ہونے پر لیگ سے دستبرداری پر غور شروع کردیا ہے لیکن دوسری جانب اس ٹورنامنٹ میں ٹیم نہ بھجوانے پر پاکستان کو2سال کی پابندی کا سامنا بھی ہو سکتا ہے او ر اگر ایسا ہوا تو پاکستانی ٹیم اولمپکس میں شرکت سے بھی محروم ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کو کم از کم 7 روز پہلے ارجنٹائن پہنچنا ہے جہاں 2 فروری کو اس کا پہلا میچ شیڈول ہے، پرولیگ کی تیاری کے لیے ٹیم کا کیمپ نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے تاہم ابھی تک ٹیم کے سفری اخراجات کا بندوبست نہیں ہوسکا۔ پہلے مرحلے میں ارجنٹائن، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف لیگ کے ابتدائی 6 میچز کے لیے اڑھائی کروڑ جبکہ تمام 16 میچز کھیلنے کے لئے کم از کم 7 کروڑ درکار ہیں۔ ہند میں ہونے والے ورلڈکپ سے پہلے بھی ایسے ہی مسائل پیدا ہوئے تھے تاہم پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز نے ٹیم کو اسپانسر کرکے یہ پریشانی دور کردی تھی۔ اسپانسرپشاور زلمی کے حکام پی ایچ ایف کو90لاکھ روپے دے چکے ہیں باقی رقم انہوں نے نئے مالی سال پر ادا کرنی ہے۔ فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر نے مالی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں لیکن کوشش کررہے کہ اخراجات کا کسی طرح بندوبست ہوجائے اور پرولیگ کی کمٹمنٹ کو ضرور پورا کریں۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: