Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرا عظم عمران خان اسپتال پہنچ گئے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اچانک دورے پر مختلف اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے سہولیات اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال راولپنڈی اور ہولی فیملی اسپتال اچانک پہنچ گئے اس موقع پر انہوں نے مریضوںکیلئے سہولیات کی عدم دستیابی پر برہمی اور وارڈ میں ایک بستر پر 2 مریض دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کے دورے کے دوران اسپتال میں موجود مریضوں کے لواحقین نے وزیراعظم کو طبی سہولیات دستیاب نہ ہونے سے متعلق شکایات کیں۔ ڈی ایچ کیو اسپتال راولپنڈی میں تیمار داروں نے بتایا کہ یہاں ادویہ ملتی ہیں اور نہ ہی ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ مریضوں کو ٹیسٹ کے لیے باہر لے جانا پڑتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اسپتال انتظامیہ کو سہولیات میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں وزیراعظم راولپنڈی کے فوارہ چوک کے قریب قائم پناہ گاہ پہنچے اور بے گھر افراد کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی ان کے ساتھ تھے ۔ وزیراعظم نے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر صحت عامر کیانی اور انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نہایت سرد موسم میں خلق خدا کے لیے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی عظیم خدمت ہے۔ محروم انسانوں کی نگہداشت معاشرے کی ذمے داری ہے۔ شہریوں کا اپنی مدد آپ کے تحت انسانیت کی خدمت کے لیے آگے بڑھنا نہایت حوصلہ افزا ہے ۔
 
 

شیئر: