سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
سعودی وژن 2030نے وطن عزیز کے ہر شعبے کا احاطہ کررکھا ہے۔ نئے تعلیمی اور تربیتی ادارے کھولنے کیلئے آرزوﺅں اور امیدوں کی جوت جگانے والے پروگرام اور اسکیمیں متعین کردی گئی ہیں۔ اساتذہ کی تربیت ، اسکول چلانے والوں کی تیاری ، مستقبل میں مارکیٹ کو درکار ملازمین کے تقاضوں کی تکمیل اور ان میں مہارتیں پیدا کرنے کے پروگرام بھی وژن 2030 میں شامل ہیں۔ نصاب تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے،تعلیمی نظام کو لیبر مارکیٹ سے ہم آہنگ کرنے، پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ وسیع کرنے ، تعلیمی وظائف کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے، ترقی یافتہ ٹیکنالوجی میں جدت طرازی لانے اور افرادی قوت کو فعال بنانے کا بھی خیال کیا گیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیشن اتھارٹی نے اس حوالے سے اپنا کردار اس طرح ادا کرنا شروع کیا ہے کہ حال ہی میں فارغ ہونے والے ممتاز طلباءو طالبات کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دیا ہے۔ ان کے لئے اسٹراٹیجک اسکیمیں تیار کی گئی ہیں۔ مقصد ان کی مہارتوں کا معیار بلند کرنا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کونکھارنا ہے۔