نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پرو ہاکی لیگ کے 3روزہ ٹرائلز ختم
لاہور:پرو ہاکی لیگ کیلئے ٹیم کے انتخاب کی غرض سے پاکستانی کھلاڑیوں کے 3 روزہ ٹرائلز ختم ہوگئے ہیں اور کیمپ میں شامل 51 میں سے 33 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول قومی ٹیم کے کیمپ میں ان ٹرائلز کی نگرانی قائم مقام سیکریٹری پی ایچ ایف ایاز محمود، چیف کوچ سعید خان اور سلیکٹر قاسم خان نے کی۔ ٹرائلز کے آخری روز کھلاڑیوں کے درمیان پریکٹس میچز کھیلے گئے جس میں آفیشلز نے پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لے کر انہیں کیمپ کا حصہ بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام سیکریٹری ایاز محمود نے بتایاکہ کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر ان کی درست سمت میں رہنمائی کی جائے تو انٹرنیشنل سطح پر میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ ماضی میں ہماری فتح کا دارومدار اٹیکنگ ہاکی پر تھا، اسی ہتھیار کو مستقبل میں بھی اپنا کر نتائج اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔پرو ہاکی لیگ 19 جنوری سے شروع ہو گی، ایونٹ میں 4 کنفیڈریشنز کی 9 ٹیمیں پاکستان، آسٹریلیا، بیلجیم، ہالینڈ، جرمنی، انگلینڈ، ارجنٹائن، اسپین اور نیوزی لینڈ شرکت کریں گی، گرین شرٹس کا پہلا میچ 2فروری کو ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں