گرفتار منشیات اسمگلر کا وزیر مملکت کا دوست ہونیکا دعویٰ
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا دوست ہونے کا دعویٰ کرنے والے منشیات اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے مشترکہ آپریشن کے دوران منشیات اسمگلر کو حراست میں لے کر کروڑوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کرلی۔ اینٹی نارکوٹکس ذرائع کے مطابق پکڑا گیا شخص قاسم تقریبات میں کوکین سپلائی کرتا تھا اور خود کو وزیر مملکت کا دوست ظاہر کرتا ہے جس کی شہریار آفریدی کے ساتھ تصویر بھی سامنے آئی ہے، تاہم ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی، ملزم کے وزیر مملکت سے تعلق کی خبر کا اے این ایف سے کوئی تعلق نہیں دوسری جانب وزیر مملکت شہریار آفریدی نے بھی واضح کیا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال کر میری شہرت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے تعلق والا کوئی شخص خلاف قانون کام کرتا ہوا پکڑا جائے تو اس کے خلاف زیادہ سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔