Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کرپٹ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتی ہے، محمد رفیق نیئر

ہند کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرے اور پاکستان سے مذاکرات کا آغاز کرے،پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے نائب صدر
    الاحساء(ثناء بشیر )پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر محمد رفیق نیئر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں کرپٹ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کا پختہ عزم رکھتی ہے اور اس کو عوامی حمایت بھی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الاحساء  میں عبدالرحمان آزاد کے گھر اپنی آمد کے موقع پر کیا اور ان کو دل کے کامیاب آپریشن ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محمد رفیق نیئرکا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی بھرپور مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور لوگ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود دونوں ساتھ ملکر جہاں کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں وہیں پر آزاد کشمیر میں برسر اقتدار آکر عوام کو بہتر انداز میں نہ صرف عوامی مسائل کو حل کریں گے بلکہ آزاد کشمیر میں ڈیولپمنٹ کو بھی فروغ دیں گے۔کشمیر کے موجودہ حالات کے متعلق رفیق نیئر کا کہنا تھا کہ ہند کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ جو ظالمانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اس سے ہند اپنے لئے مشکلات کو بڑھا رہا ہے کیونکہ کشمیری قوم کی جس طرح نسل کشی کی جا رہی ہے اس کو کشمیری نوجوان کسی طور قبول نہیں کر رہے اور آزادی کی تحریک میں شدت آ رہی ہے۔ہند کو چاہئیے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرے اور کشمیر کے ایشو پر پاکستان سے مذاکرات کا آغاز کرے۔ اس حوالے سے پاکستان کی موجودہ حکومت ہند کو کئی بار مذاکرات کے آغاز کے بارے میں پیغام دے چکی ہے مگر ہندکی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مذاکرات نہیں ہورہے۔ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں چیخ چیخ کر کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں مگر ہند اپنی ظالمانہ کارروائیوں سے باز نہیں آرہا ۔ ہند سے مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرے اور پاکستان کے سرحدی علاقوں کے ساتھ سیز فائر کے معاہدے کو یقینی بنائے۔آخر میں میزبان عبدالرحمان آزاد نے محمد رفیق نیئر اور دیگر افراد کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -ریاض میں جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی کا98واں یوم تاسیس

شیئر: