دربار اراضی الاٹمنٹ کیس: نواز شریف ذمہ دار قرار
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاکپتن دربار اراضی کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نواز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق دربار کی زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے زمین منتقل کرنے کے احکامات میں نواز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر نواز شریف سے 2ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو بھی اپنا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ زمین کی الاٹمنٹ کس نے کی تھی؟ جس پر جے آئی ٹی کے سربراہ نے بتایا کہ زمین الاٹمنٹ اس وقت کے وزیراعلی پنجاب نے کی تھی، جو نواز شریف تھے۔ واضح رہے کہ 1985ءمیں محکمہ اوقاف نے پاکپتن میں اپنی زمین قابض افراد سے واپس لینے کے لیے ایک نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا جسے اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب نواز شریف نے منسوخ کردیا تھا۔