شمالی کوریا اب سیول کیلئے دشمن ملک نہیں رہا
سیول...جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے کہاہے کہ شمالی کوریا کو دشمن ملک یا سلامتی کے لئے خطرہ قرار نہیں دیا گیا ۔ 2010 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی کوریائی حکومت نے اپنی ایک دستاویز میں شمالی کوریا کو دشمن قرار نہیں دیا ۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے وائٹ پیپر میں شمالی کوریا کے لئے استعمال کی جانے والی دشمن،موجودہ دشمن(مرکزی دشمن) جیسی اصطلاحات کا استعمال نہیں کیا گیاتاہم اس دستاویز میں شمالی کوریا کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو جزیرہ نما کوریا کی سلامتی کے لئے خطرہ ضرور قرار دیا گیا ، اس دستاویز میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے مراد شمالی کوریا کے میزائل اور جوہری ہتھیار ہیں۔سیول حکومت کی جانب سے شمالی کوریا کودشمن قرار دینے کی اصطلاح، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک وجہ رہی ہے۔ شمالی کوریا سیول حکومت کی جانب سے اس اصطلاح کے استعمال کو اشتعال انگیز قرار دیتا رہا ہے۔جنوبی کوریا کے لبرل صدر مون جے ان نے گزشتہ برس شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کی جس سے تعلقات میں تیزی سے بہتری آتی چلی گئی۔ دونوں ممالک کے سیول اولمپکس میں ایک پرچم تلے اپنی ٹیمیں بھیجیں گے۔سیول حکومت کی جانب سے شمالی کوریا کے لئے دشمن کی اصطلاح پہلی مرتبہ 1995 میں استعمال کی گئی تھی، اس کے جواب میں شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ وہ جنوبی کوریا کو آگ کا سمندر بنا دے گا۔