سعودی ملازم رکھنے پر نجی اداروں کو 3 برس تک تنخواہ دینگے، وزیر محنت
ریاض۔۔۔ وزیر محنت و سماجی بہبود و سربراہ فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) احمد الراجحی نے اعلان کیا ہے کہ روزگار پروگرام کے تحت ایسے نجی اداروں کو جو سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو ملازمت کی تربیت اور روزگار فراہم کریں گے انہیں 36 ماہ تک فنڈ تنخواہ فراہم کرے گا۔ روزگار پروگرام کے نئے ضوابط مقرر کردیئے گئے ہیں۔ ان کے تحت 70 فیصد سبسڈی روزگار اور 30 فیصد روزگار تربیت پروگرام کیلئے مختص ہوگی۔ سعودی ملازم کی تنخواہ سبسڈی کے طور پر 36 ماہ تک دی جائے گی۔ پہلے سال تنخواہ کا 30 فیصد، دوسرے سال 20 فیصد اور تیسرے سال 10 فیصد دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں خواتین یا معذوروں کو روزگار دینے پر اضافی سبسڈی بھی مہیا ہوگی۔ سبسڈی کے تحت کم ازکم محنتانہ 4 ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ریال تک دیا جائے گا۔ سبسڈی 4 نکاتی ہوگی۔ یہ تعلیمی و تربیتی اداروں سے فارغ ہونے والے نوجوانوں اور لڑکیوں ، بیروزگار سعودیوں ، معمولی آبادی والے قریوں اور قصبو ں میں تقرری نیز لڑکیوں اور معذوروں کے روزگار اور چھوٹے نیز نہایت چھوٹے اداروں میں روزگار پروگرام کی تقویت کیلئے فراہم کی جائے گی۔ ہدف فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد السدیری نے بتایا کہ روزگار پروگرام کا ہمارا مقصد سعودی لڑکوں اور لڑکیوں میں ملازمت کی مہارتیں بہتر بنانا ہے۔ ڈاکٹر السدیری نے بتایا کہ فنڈ نجی اداروں میں سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کی تنخواہ کا ایک حصہ برداشت کرے گا۔ ہمارا مقصد اداروں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ ہموطنوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمت فراہم کریں۔