خادم حرمین شریفین کی حکومت کا وضع کردہ ویژن 2030 منصوبہ نہ صرف مقامی آبادی کیلئے درخشاں مستقبل کی نوید ثابت ہوگا،پاک سعودی تجارتی روابط میں بہتری آئیگی
ریاض (جاوید اقبال) پاکستان انویسٹرز فورم ریاض کے صدر محمد اصغر قریشی نے کہا ہے کہ مستقبل کے سعودی عرب کی اقتصادی پیشرفت اور معاشرتی استحکام کیلئے خادم حرمین شریفین کی حکومت کا وضع کردہ ویژن 2030 منصوبہ نہ صرف مقامی آبادی کیلئے درخشاں مستقبل کی نوید ثابت ہوگا بلکہ بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو بھی مزید تجارتی مواقع فراہم کریگا۔ وہ اپنی تنظیم کی سعودی دارالحکومت میں فعالیت کے بارے میں اردونیوز سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔ محمد اصغر قریشی نے واضح کیا کہ اس وقت انویسٹرز فورم کے 250ارکان نے مملکت کے مختلف منصوبوں میں تقریباً4ارب ریال کی سرمایہ کاری کررکھی ہے تاہم جب سعودی ویژن 2030کے تحت سعودی عرب میں نئے منصوبوں کا آغاز ہوگا تو نہ صرف پاکستان سے مزید سرمایہ کار مملکت آنے کو ترجیح دیں گے بلکہ اس رقم میں بھی اضافہ ہوجائیگا۔ انہوں نے سعودی عرب کے اقتصادی مستقبل کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مملکت کے ویژن 2030 اور پاکستان کے سی پیک منصوبے کے درمیان تعاون نہ صرف ان دونوں برادر ملکوں میں مزید پیشرفت لائیگا بلکہ سارے خطے کی اقتصاد کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔