30 فیصد افراد 65 سال کی عمر تک کام کے خواہش مند
ٹوکیو۔۔۔ جاپانی حکومت کے ایک جائزے میں جواب دینے والے تقریباً 30 فیصد افراد نے 61 سے 65 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ نومبر میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے 5000 افراد سے سوالات پوچھے تھے جس میں سے 2 ہزار 9 سو سے زائد لوگوں نے جوابات دیے۔جائزے میں پوچھا گیا تھا کہ زیادہ سے زیادہ کس عمر تک وہ کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جس کے جواب میں 30.7 فیصد افراد نے 61 سال سے 65 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔21.5 فیصد نے 66 سے 70 سال جبکہ 18.8 فیصد نے 51 سے 60 سال کی عمر تک کام کرنے کی خواہش کی۔66 سال یا زائد عمر تک کام کرنے کی خواہش رکھنے والے افراد سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ وہ ایسا کیوں کرنا چاہتے ہیں تو 28.9 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ مالی پریشانی سے بچنے کیلئے ایسا کرنا چاہتے ہیں جبکہ 24.9 فیصد افراد نے روزمرہ کے اخراجات کو پورا کرنے کا جواز پیش کیا جبکہ 16.9 فیصد کا کہنا تھا کہ ان کو کام کرنا بہت پسند ہے۔