Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ ساہیوال: عینی شاہدین کو پولیس لائن آکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت

ساہیوال:  سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے عینی شاہدین کو پولیس لائن آکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی ہے تاہم عینی شاہدین کا موقف ہے کہ ان سے واقعے کی جگہ پر ہی بیانات لیے جائیں۔ جس کے بعد جے آئی ٹی کے ارکان مقامی افراد سے بیان لیے بغیر ہی جائے وقوع سے واپس روانہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور اس دوران مبینہ مقابلے کی جگہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ کی سربراہی میں جے آئی ٹی واقعے پر مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، اس حوالے سے ٹیم نے زیر حراست سی ٹی ڈی اہلکاروں سے تفتیش کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر سے بھی معلومات حاصل کی ہیں۔ جے آئی ٹی نے آئی جی پنجاب کو پیش کی جانے والی سی ٹی ڈی رپورٹ کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ 19 جنوری کو پولیس کے انسداد دہش گردی کے محکمے سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی کی کارروائی قرار دیا گیا، بعدازاں وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ تاہم میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیا اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:-  - --  - -کراچی میں بارش سے نظام زندگی مفلوج

شیئر: