Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کیخلاف درخواست کی سماعت کرنے والا بینچ تحلیل

یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا 
اہم نکات:
  • ضلع کرم میں کشیدگی، پُرامن اور پائیدار حل تک گرینڈ جرگہ علاقے میں رہے گا
  • کسی صورت موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا، محمود خان اچکزئی
  • ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے ٹاسک فورس قائم

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عالیہ نیلم کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا۔
پیر کو سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سامنے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کا کیس زیرسماعت آیا۔
تاہم سماعت کے آغاز میں بینچ کے رکن جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کر لی۔
جسٹس امین الدین نےکہا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا ممبرتھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نےکہا جسٹس امین الدین اورمیں جوڈیشل کمیشن کے ممبران ہیں، کمیشن کے دوججز یہ والا کیس نہیں سن سکتے، کیس میں جوڈیشل کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سینیارٹی کوئی بنیادی حق نہیں ہے، سینیارٹی سے ہٹ کرچیف جسٹس تعیناتی کی ماضی میں مثالیں موجود ہیں۔
آئینی بینچ نےچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی تعیناتی کیس دوسرے آئینی بینچ میں مقررکرنے کا حکم دے دیا۔

ڈی چوک احتجاج کیس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک میں احتجاج کے حوالے سے درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان  اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا  نے سابق خاتون اول بشری بی بی، بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین،علی بخاری اور عامر مغل کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
کوہسار پولیس نے مقدمہ نمبر 1032 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 96 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے۔
پولیس نے عمر ایوب ،شیر افضل مروت ،خالد خورشید، فیصل جاوید، ایم این اے عبدالطیف، ایم پی کے فاتح الملک،علی ناصر، صوبائی وزیر ریاض خان، علی زمان، پیر مصور، میاں خلیق الرحمان، سہیل آفریدی اور شہرام خان ترکئی کے بھی وارنٹ حاصل کر لیے۔
عدالت نے بریگیڈیر (ریٹائرڈ) مشتاق، زلفی بخاری، سلمان اکرم راجہ، مراد سعید  اور رؤف حسن کے بھی وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔

ڈی چوک میں آنا مقصد نہیں تھا اور نہ ہی لیڈرز کو کہا گیا کہ سب احتجاج میں پہنچیں، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے مطابق ان سے ملاقات میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنا یا مظاہرہ اسلام آباد میں جہاں بھی ہوتا، گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان اور بیرسٹر ظفر نے آج سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ان کو احتجاج اور دیگر معاملات پر آگاہ کیا۔
احتجاج کے بعد یہ بیرسٹر گوہر کی سابق وزیراعظم عمران خان سے پہلی ملاقات تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے فی الحال مذاکرت کا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ڈی چوک میں آنا کوئی مقصد نہیں تھا کہ ہر لیڈر اسی وقت چاہے سنگجانی ہو، یا ڈی چوک ہو، ہر لیڈر ڈی چوک ہی پہنچیں۔ کسی بھی لیڈر کو یہ نہیں کہا گیا تھا کہ اسی احتجاج کے ساتھ اسی وقت پہنچیں۔‘

کسی صورت موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا، محمود خان اچکزئی
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں ہر ایک کو پُرامن جلسہ جلوس کرنے کا حق حاصل ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں اپنے والد عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جس طرح حالیہ انتخابات ہوئے، وہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔
’میں کسی صورت موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا۔ پاکستان کو چور نہیں چلا سکتے، اسے چلانے کے لیے منتخب پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جتنا جلدی ہو سکے عمران خان کو رہا کیا جائے۔‘

اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں، آواز بلند کریں، عمران خان

 
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروانے کی ہدایت دے دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج سب کو یہ کہتا ہوں کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں اور یہ کہ وہ اڈیالہ جیل میں نہیں تھے، یہ سب خبریں غلط ہیں۔ ان کی صحت ٹھیک ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جمہوری پارٹی ہے، ہم غیرذمہ دارانہ بیان نہیں دیتے اور وہی اعدادوشمار دیے جس کی تفصیل ہمارے پاس ہے۔ 12 شہادتیں ہوئی ہیں۔ ہم نے آن ریکارڈ کہا ہے کہ جو لوگ بول رہے ہیں کہ سینکڑوں ہیں، ان کو ہم نے مسترد کیا ہے۔‘
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں بھرپور احتجاج کریں آواز بلند کریں۔‘

 ’کُرم میں بنکرز مسمار کیے جائیں گے‘، خیبر پختونخوا حکومت کا 65 چوکیاں قائم کرنے کا اعلان

 
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں مسئلے کے پُرامن اور پائیدار حل تک گرینڈ جرگہ علاقے میں رہے گا۔
پیر کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18واں اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ کرم میں مختلف واقعات میں اب تک 133 افراد ہلاک جبکہ 177 افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعلٰی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرم میں حالات خراب کرنے والے ’عناصر کو دہشت گرد قرار دے کر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں شیڈول فور میں ڈالا جائے گا۔‘
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ’کرم میں قائم بنکرز مسمار کیے جائیں گے۔ لوگوں کے پاس موجود بھاری ہتھیار جمع کیے جائیں گے اور کرم شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف مقامات پر 65 چوکیاں قائم کی جائیں گی۔‘
اجلاس میں بتایا گیا کہ ’مالی امداد اور معاوضوں کے لیے 380 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔‘

ڈی چوک سے گرفتار دو خواتین سمیت 283 ملزمان عدالت میں پیش
بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد

 
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران ڈی چوک سے گرفتار کیے گئے 281 افراد کو 14 روز کے لیے شناخت پریڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد کی پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار پاکستان تحریک انصاف کی دو خواتین سمیت 283 افراد عدالت میں پیش کیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے دونوں خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جبکہ دیگر 281 ملزمان کو 14 روز کے لیے شناخت پریڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
ملزمان کی اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی۔

نائب وزیراعظم ای سی او کونسل اجلاس میں شرکت کے لیے آج ایران جائیں گے

 
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرا کی کونسل کے 28ویں اجلاس میں شرکت کے لیے آج ایران روانہ ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ’چارٹر فار ای سی او کلین انرجی سینٹر‘ کے اعلامیے پر دستخط کریں گے۔
اسحاق ڈار وزارتی اجلاس کے موقع پر شریک وزراء اور معززین کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

گوگل سرچ نے 77 سال سے بچھڑے سرحد پار بھائیوں کو کیسے ملایا؟
ادیب یوسفزئی، اردو نیوز لاہور
 
عباس خان لاشاری تقسیم کے بعد رونما ہونے والے حالات اور تقسیم کے وقت پنجاب کے بچھڑے خاندانوں پر بیتے حالات فلم بند کر کے ان کی ویڈیو یوٹیوب پر اپلوڈ کرتے ہیں۔
ان کی ویڈیوز کی بدولت کئی بچھڑے خاندان آپس میں مل چکے ہیں لیکن مہندر سنگھ کی کہانی سب سے الگ ہے۔
مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار سے کم ہو کر 58 ہزار 487 ہو گئی

سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار سے کم ہو کر 58 ہزار 487 ہو گئی ہے۔
پیر کو سپریم کورٹ نے 16 سے 30 نومبر تک زیرِ التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 دنوں میں 674 مقدمات مزید کم ہوئے۔ سول 31 ہزار 458 اور فوجداری 10 ہزار 208 اپیلیں زیر التوا ہیں۔
سپریم کورٹ میں 18 از خود نوٹسز زیر التوا ہیں جبکہ 2209 سول نظرثانی درخواستیں زیرالتوا ہیں۔ ایچ آر سیل کی 136 درخواستیں اور تین ہزار 251 جیل پٹیشنز بھی زیر التوا ہیں۔‘
سابق چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسیٰ کے دور میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گٸی تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان مزید سات مقدمات میں گرفتار
بشیر چوہدری، اردو نیوز اسلام آباد

 
سابق وزیراعظم عمران خان کی 28 ستمبر، چار اکتوبر اور پانچ اکتوبر کے احتجاج کے موقع پر درج کیے گئے سات مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم کا ان سات مقدمات میں آج سات روزہ جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔
تمام چھ تھانوں کے تفتیشی افسران نے گرفتاری ڈال کر سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواستیں عدالت میں پیش کر دیں۔
درخواستوں کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی جس کے لیے تمام تفتیشی افسران کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی۔ پراسیکیوٹر امین منہاس کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہوگیا جبکہ دیگر کا آج لیا جائے گا۔

ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے ٹاسک فورس قائم

پاکستان میں حکومت نے تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے بعد سوشل میڈیا پر ’مذموم پروپیگنڈے‘ میں ملوث افراد اور تنظیموں کی شناخت کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس قائم کی ہے۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین اس 10 رکنی ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے دوران ’پروپیگنڈا کرنے والے عناصر‘ کی نشاندہی کرے گی، اور 10 روز میں اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔

اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت، ملزمان سے 342 کے سوالناموں پر جواب طلب
صالح عباسی، اردو نیوز اسلام آباد
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت آج ہو گی۔
کیس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
عدالت نے ملزمان سے 342 کے سوالناموں پر جواب طلب کر رکھے ہیں۔
مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

شیئر: