Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش پریمیئر فٹبال لیگ: ٹرافی پر قبضے کی جنگ میں تیزی آگئی

لندن:انگلش پریمیئر لیگ ٹائٹل پر قبضے کیلئے جنگ میں تیزی آگئی ہے اور ٹاپ ٹیم لیور پول کو مانچسٹر سٹی اور ٹوٹنہم ہوٹسپر کی جانب سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ مانچسٹر سٹی نے ہڈرز فیلڈ کو0-3سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر لیور پول سے اپنا فاصلہ پھر کم کرلیا ہے اور اب دونوں ٹیموں کے درمیان صرف4پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ ٹوٹنہم 51پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ٹوٹنہم نے فلہم کے خلاف میچ1-2سے جیتا ہے ۔مانچسٹر سٹی اور ہڈرز فیلڈکا میچ یکطرفہ رہا اور مانچسٹر سٹی نے دفاعی چیمپیئن کے طور پر لیور پول کیلئے خطرہ کی گھنٹی بجا ئی رکھی۔ میچ کے 18منٹ میں ڈینیلو نے گول کرکے مانچسٹر سٹی کو برتری دلائی ۔ پہلا ہاف اسی اسکور پر مانچسٹر سٹی کے حق میں ختم ہوا ۔ دوسرے ہاف کے دوران رحیم اسٹرلنگ نے57ویں منٹ میں دوسرا اور صرف3منٹ بعد لیروئے سانے نے تیسرا گول کرکے ہڈرز فیلڈ کیلئے میچ میں واپسی کا امکان ختم کردیا ۔ ہڈر فیلڈ کے فارورڈز کوشش کے باوجود خسارہ بھی کم نہ کر سکے اور میچ0-3کی واضح برتری سے مانچسٹر سٹی کے نام رہا۔اس کامیابی نے مانچسٹر سٹی کیلئے اپنے اعزاز کے دفاع کے امکانات مزید روشن کر دیئے ہیں اور وہ اس پوزیشن میں آگئی ہے کہ لیور پول سے آگے بڑھ سکے۔ لیگ ٹیبل پر تیسرے نمبر کی ٹیم ٹوٹنہم ہوٹسپر اپنے اہم ترین کھلاڑی ہیری کین سے محرومی کے باوجود ایک اور ہیری کے گول کی وجہ سے فلہم کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی ۔ ہیری ونکس نے کھیل کے آخری لمحات کے دوران انجری ٹائم میں فیصلہ کن گول کرکے میچ ٹوٹنہم کے نام کیا ۔ ہیری ونکس نے ہیڈ کے ذریعے گول کیا اور ان کی ٹیم1-2کی برتری سے جیتنے میں کامیاب رہی اور جو میچ بظاہر برابر ہوتا دکھائی دے رہا تھا وہ بھی فیصلہ کن رہا۔اس کامیابی سے ٹوٹنہم نے چوتھے نمبر کی ٹیم چیلسی سے 4پوائنٹس کا فرق پیدا کرلیا ہے۔ میچ کے دوران ٹوٹنہم کے کھلاڑی نے سیلف گول کرکے فلہم کو برتری دلائی جسے ڈیلی ایلی نے برابر کیا ۔ اس کے بعد میچ آخری منٹ تک برابر رہا لیکن انجری ٹائم کے آخری منٹ میں ہیری ونکس نے گول کردیااور ٹوٹنہم قیمتی پوائنٹس بچانے میں بھی کامیاب رہا ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: