Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش فٹبال لیگ: چیلسی پنالٹیز کے سہارے فائنل میں پہنچ گئی

لندن:انگلش فٹبال لیگ میں چیلسی نے ٹوٹنہم کو پنالٹیز پر2-4سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی جبکہ اپنے اہم کھلاڑیوں ہیری کین اور ڈیلی ایلی سے محروم ٹوٹنہم کو 2پنالٹی ککس ضائع کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔فلہم میں کھیلے گئے سیمی فائنل مرحلے کے دوسرے میچ میں مقررہ وقت میں چیلسی نے1-2سے میچ جیت لیا تھا تاہم پہلے سیمی فائنل میں ٹوٹنہم کی فتح 0-1سے فتح کی وجہ سے سیمی فائنلز کا مجموعی اسکور2-2سے برابر ہو گیا جس کے بعد فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کے بارے میںفیصلے کیلئے پنالٹی ککس لگائی گئیں ۔ دونوں ٹیمیں اپنی ابتدائی دونوں ککس پر گول کرنے میں کامیاب رہیں لیکن ٹوٹنہم کے کھلاڑیوں ایرک ڈائر اور لووس مورا نے اگلی دونوں ککس ضائع کردیں ۔ دوسری جانب چیلسی کے کھلاڑیوں نے ایسی کوئی غلطی نہیں کی اور 2-4کے اسکور سے فیصلہ چیلسی کے حق میں ہوا اور وہ کاراباو کپ یا انگلش فٹبال لیگ کا فائنل کھیلنے کی حقدار قرار پائی۔قبل ازیں میچ کے مقررہ وقت کے دوران گولو کانٹے نے چیلسی کو برتری دلائی تھی جسے ایڈن ہیزرڈ نے دگنا کردیا لیکن میچ کا وقت ختم ہونے سے پہلے فرننڈو لورینٹے نے گول کرکے ٹوٹنہم کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا اس گول سے مجموعی اسکور برابر ہوگیا تھا ۔ چیلسی کے کھلاڑی اولیور گیراڈ کو گول کرنے کا سنہری موقع ملا تھا جس سے وہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور نتیجے کیلئے پنالٹی ککس لگانا پڑیں۔فائنل میں چیلسی کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے ہوگا جس نے برٹن کے خلاف کامیابی حاصل کرکے فائنل کوالیفائی کیا تھا ۔فائنل 24فروری کو کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اورتجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ میں " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: