پرینکا کی شمولیت کا فیصلہ کئی سال قبل کرلیا تھا، راہول
بھونیشور ۔۔۔۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا کہ پرینکا کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کئی سال پہلے ہی کرلیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 2دن قبل ہی پرینکا گاندھی کانگریس میں شامل ہوئی ہیں۔ راہول نے کہا کہ میں نے میڈیا میں پڑھا کہ پرینکا کو کانگریس میں شامل کرنے کا فیصلہ 10دن پہلے کیا گیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ فیصلہ کئی سال قبل کیا گیا تھا۔ راہول کا کہنا تھا کہ لوک سبھا الیکشن سے پہلے ہی پرینکا کی شمولیت کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوچکی تھیں ۔ یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی بہن سے کانگریس میں شمولیت کے بارے میں باتیں کرتا رہا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بچے چھوٹے ہیں اور مجھے ان کےلئے وقت نکالنا اور دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے تاہم اب ان کے بچے بڑے ہوچکے ہیں اور ان میں سے ایک تو یونیورسٹی جارہا ہے ۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ صحافیوں کو چاہئے کہ وہ بہن کے ساتھ میرے تعلقات کو سمجھیں۔ہم دونوں نے ہی بڑا نازک وقت گزاراہے اور لوگ سمجھتے ہیں کہ ہماری زندگی آسان ہے لیکن آپ یہ تو دیکھیں کہ میرے والد کو قتل کیا گیا، میری دادی بھی قتل ہوئیں ، ہمارے سماجی حالات بہت سخت تھے جس کی وجہ سے ہم دونوں ایک دوسرے کے مزید قریب آئے۔ دریں اثناءراہول نے کہا کہ بی جے پی رہنما ورون گاندھی کی کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائیوں سے آگاہ نہیں ۔مجھے نہیں معلوم کہ وہ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں یا نہیں۔ پارٹی کے صدر نے الزام لگایا کہ مودی حکومت میں ہر جگہ آر ایس ایس کی چھاپ نظر آرہی ہے۔ آر ایس ایس ملک کے تمام اداروں کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتی ہے ۔ آر ایس ایس بی جے پی کی ماں ہے اور ہر شعبے میں گھسنا چاہتی ہے ۔