اٹاوا۔۔۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے چین میں تعینات کینیڈین سفیر جان میک کلم کو کینیڈا میں گرفتار ہواوے افسر سے متعلق متنازع بیان پر عہدے سے برطرف کردیا۔ جسٹن ٹروڈو نے بتایا کہ جان میک کلم کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی ۔ان کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا۔جان میک کلم نے ٹورنٹو میں چینی میڈیا کو بیان میں کہا تھا کہ مینگ وانژو کو امریکہ کی تحویل میں دینے کے نتائج خوش آئند نہیں ہوں گے۔ اگر امریکہ کینیڈا میں گرفتار ہواوے ایگزیکٹو کی تحویل کی درخواست خارج کردے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی۔ اس کیس میں سیاسی مداخلت ہوسکتی ہے۔ اگر امریکہ چین سے ایک تجارتی معاہدہ کرلے جس کے تحت مینگ وانژو امریکہ کی تحویل میں نہیں رہیں گی اور اس کے بدلے چین میں گرفتار 2 کینیڈین شہریوں کو رہا کردیا جائے گاتاہم 24 جنوری کو جان میک کلم نے اپنا بیان واپس لیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مینگ وانژو کے کیس سے متعلق غلط بیان دیا تھا۔ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی اور چیف فنانشل ایگزیکٹو کی گرفتاری سے کینیڈا اور چین کے تعلقات میں شدید کشیدگی برقرار ہے۔جسٹن ٹروڈو اور کینیڈا کی وزیر خارجہ نے اس بات پر اصرار کیا کہ کینیڈا کی حکومت مینگ وانژو کے کیس میں سیاسی مداخلت نہیں کرسکتی۔