Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں381رنز کی یکطرفہ فتح

برج ٹاﺅن:جیسن ہولڈر کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری اور روسٹن چیس کی تباہ کن بولنگ کے باعث کالی آندھی نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 381 رنز سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ یہ ویسٹ انڈیز کی رنز کے اعتبار سے بڑی فتح ہے۔ انگلش ٹیم 628 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، روری برنز کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی روسٹن چیس کی گھومتی ہوئی جادوئی گیندوںکے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ برنز 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ روسٹن چیس نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے اننگز میں 60 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو نشان عبرت بنایا۔جیسن ہولڈر کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ برج ٹاون ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلش ٹیم نے 56 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 572 رنز درکار تھے۔ روسٹن چیس نے خوبصورت ا سپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، روری برنز کے سوا کوئی بھی بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکا،برنز نے 84 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ کیٹن جیننگز 14، جونی بیئرسٹو 30، کپتان جوئے روٹ 22، بین اسٹوکس 34، جوز بٹلر 26، معین علی صفر، بین فوکس 5، ثام کیورن 17 اور عادل رشید ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے جیمز اینڈرسن نے 4 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے، روسٹن چیس نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شینن گبرائل اور جوزف نے ایک، ایک وکٹ لی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم نے 415 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 628 رنز کا ہدف دیا تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: