سوائن فلو سے 20دن میں 10افراد ہلاک، الرٹ جاری
شملہ۔۔۔ ہماچل پردیش میں سوائن فلو نے وبائی شکل اختیار کرلی ہے۔ریاست میں 20دنوں کے اندر اس بیماری کا شکار ہوکر 10افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ان میں سے 7 ہماچل اور 3افراد کی پی جی آئی چنڈی گڑھ میں موت ہوئی جبکہ سوائن فلو سے متاثر 35افراد کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ سوائن فلو عام ہوتے ہی ریاستی حکومت نے الرٹ جاری کردیا۔ کھانسی ، بخار اور زکام ہونے پر فوراً اسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔یہ بیماری ایک مریض سے دوسرے میں پھیلتی ہے۔ ایسے عالم میں محکمہ صحت نے مصروف علاقوں اور پبلک مقامات پر جانے سے قبل منہ اور ناک پر ماسک پہنے کا مشورہ دیا۔سوائن فلو کا وائرس ہوا میں گردش کرتا ہے۔ یہ جسم میں داخل ہوکر انسان کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں لوگ عموماً اکٹھا رہتے ہیں جس کی وجہ سے یہ وائرس تیزی کے ساتھ ایک دوسرے کو شکار بنالیتا ہے۔اتوار تک ریاست میں 155افراد کا طبی معائنہ کیا گیا جن میں سے 35افراد سوائن فلو کے مرض میں مبتلا پائے گئے۔وزیر صحت وپن سنگھ پرمار نے بتایا کہ بیماری کا انکشاف ہوتے ہیں ریاست میں الرٹ جاری کردیا گیا اور اسپتالوں میں داوائیاں وافر مقدار میں مہیا کرادی گئیں اور سی ایم او کو مستعد رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔