اسپینش فٹبال لیگ: بارسلونا کی پوزیشن مزید مستحکم
بارسلونا:اسپینش فٹبال لیگ "لا لیگا "میں بارسلونا نے ٹائٹل کیلئے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جبکہ اس کی روایتی حریف رئیل میڈرڈ نے بھی اپنا میچ جیت لیا لیکن رئیل میڈرڈ بدستور تیسرے نمبر پر اور بارسلونا اس سے10 پوائنٹس آگے ہے۔ بارسلونا نے گیرونا کے خلاف 2-0سے کامیابی حاصل کی ۔ نیلسن شیمیڈو اور لیونل میسی نے ایک، ایک گول کیا ۔ اس فتح سے بارسلونا نے ٹائٹل ریس میں اپنی قریبی حریف ٹیم ایٹلیٹکو میڈرڈ پر5پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی جبکہ رئیل میڈرڈ کے39پوائنٹس ہیں اور وہ21میچ کھیل کرتیسرے نمبر پر ہے۔بارسلونا کے کھلاڑی لوئس سواریز کے خلاف خطرناک فاول پر گیرونا کے کھلاڑی برناردو ایسپینوس کو دوسرے ہاف میں باہر بھی ہونا پڑا۔ دوسری جانب رئیل میڈرڈ نے ایسپینول کے خلاف میچ2-4سے جیت لیا ۔اس میچ میں رئیل کے ایک کھلاڑی کو باہر بھیجا گیا اور اسے10کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑاتاہم اس کے باوجود وہ جیتنے میں کامیاب رہی ۔کئی میچوں میں کوچ کی جانب سے باہر بٹھائے جانے والے اپنے دور کے مہنگے ترین کھلاڑی گیرتھ بیل بھی ایک گول کرنے میں کامیاب رہے ۔ کریم بینزیما نے ٹیم کو برتری دلائی جسے کپتان سرگیو راموس نے دگنا کیا ۔ اسی دوران ایسپینیول نے بھی ایک گول کر دیا ۔کریم بینزیما نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی جسے گیرتھ بیل نے اپنے گول سے مزید بہتر بنادیا ۔ میچ ختم ہونے سے10منٹ پہلے روبرٹو روسالس نے ایسپینول کا دوسرا گول کیا لیکن اس کے بعد کسی ٹیم کی جانب سے مزید کوئی گول نہ کیا جاسکا اور مقابلہ رئیل میڈرڈ کے حق میں ختم ہوگیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں