جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت ڈیوڈ ملر کرینگے
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل کپتان فاف ڈیوپلیسس پاکستان کے ساتھ سیریز کے پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد دوسرے میچ میں آرام کی غرض سے نہیں کھیلیں گے۔فاف ڈیوپلیسس کی غیر موجودگی میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے مین آف دی میچ ڈیوڈ ملر کریں گے۔یہ پہلا موقع ہوگا جب ڈیوڈ ملر کسی بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔فاف ڈیوپلیسس نے ورلڈ کپ سے قبل دیگر کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے میزبان ٹیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ادھر پاکستان کے آل راونڈر محمد حفیظ بھی فٹ ہوگئے ہیں اور ممکنہ طور پر دوسرے میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کی صورت میں ممکنہ طور پر حسین طلعت کو ٹیم سے ڈاپ کیا جائے گا۔ 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست سے دوچار ہوگئی تھی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سیریز میں رہنے کے لیے پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف اس میچ میں لازم فتح حاصل کرنا ہوگی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 ءکے بعد سے لے کر اب تک پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں