22لاکھ روپے رشوت لینے والا سی بی آئی افسر گرفتار
غازی آباد۔۔۔خفیہ ایجنسی سی بی آئی نے نوئیڈا میں اپنے ہی شعبے کے سینیئر انسپکٹر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر کے گھر پر چھاپہ مارکر 22لاکھ روپے برآمد کئے۔سی بی آئی نے ملزم انسپکٹر کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جہاں سے 48گھنٹے کیلئے پولیس حراست میں ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق نوئیڈا کا رہنے والا انسپکٹر ویریندر سنگھ راٹھور غازی آباد سی بی آئی شاخ میں تعینات تھا۔ اس پر الزام ہے کہ گریٹر نوئیڈا کے کاسنا تھانے میں درج جمنا ایکسپریس سے متعلق کیس کے ملزمان سے گزشتہ دنوں سمجھوتہ کرانے اور کارروائی نہ کرنے پر اتفاق کیا تھاجس کیلئے انسپکٹر نے بھاری رقم طلب کی اور متعلقہ فریق نے نوئیڈا میں واقع اس کے مکان پر 22 لاکھ روپے رشوت کے طور پر پیش کیا۔دہلی سی بی آئی (اے سی ۔6)کی ٹیم معاملے پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ متعلقہ افراد جیسے ہی رشوت کی رقم دیکر ملزم انسپکٹر کے مکان سے باہر نکلے خفیہ ایجنسی کی ٹیم نے دھاوابول دیااوررشوت کی رقم ضبط کرلی۔ انسپکٹر کو گرفتار کرکے غازی آباد کے مجسٹریٹ نوری انصاری کے سامنے پیش کیا ۔ سی بی آئی کے پبلک پراسیکیوٹر کلدیپ پشکر اور پی او سنجے کمار سنگھ نے پی سی آر پر بحث کی جس کے بعد 48گھنٹے کے ریمانڈ کی منظوری دیدی گئی۔