لندن کے مہنگے علاقوں میں علیم خان کے 4 اپارٹمنٹس
لاہور: نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر علیم خان کے لندن میں 4 اپارٹمنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروں اپارٹمنٹ برطانوی شہر کے مہنگے علاقوں میں ہیں۔ آف شور کمپنی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش کے لئے نیب کی جانب سے طلب کیے جانے کے بعد حراست میں لئے جانے والے علیم خان نے بعد ازاں صوبائی وزارت بلدیات سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز انہیں نیب عدالت لاہور میں پیش کرکے 9 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران نیب کی جانب سے عبدالعلیم خان سے لندن میں ان کی جائداد سے متعلق بھی سوالات کئے گئے کہ چاروں اپارٹمنٹس ان کے ہیں اور انہیں خریدنے کے لیے پیسہ کہاں سے آیا؟ علاوہ ازیں علیم خان سے 2005ءمیں بنائی گئی آف شور کمپنی کی دستاویزات بھی مانگی گئیں۔