اندرون سندھ کیلئے بھی پیکج دیںگے،غلام سرور
کراچی ...وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کراچی سے واضح برتری سے جیتی ہے۔ اب ہمیں اندرون سندھ اپنی جگہ بنانی ہے اورعوامی تعلقات بہتر کرنے ہیں ۔پیپلزپارٹی جو کل پورے پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی تھی اب سکڑ کر اندرون سندھ کی پارٹی بن کررہ گئی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کراچی کے لئے جلد بہت بڑے پیکج کا اعلان کرے گی۔اندرون سندھ غربت اور دیگرمسائل کے حل کے لئے بھی جلد پیکج دیں گے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کراچی میں ہی نہیں بلکہ اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں سوئی گیس کا بحران ہے۔ملک میں سوئی گیس کی طلب بڑھ گئی ۔ جلد صورتحال بہترہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں سے تباہ کن معیشت ورثے میں ملی ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ میں مشرف دور میں بھی رہا ہوں۔ پیپلز پارٹی اور نواز شریف کے دور سے مشرف کا دور بہتر تھا۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو اب کوئی این آر او نہیں ملے گا۔سارے چور پکڑے جائینگے ۔سندھ کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوگی ۔سندھ کے خلاف سازش کا مطلب پاکستان کے خلاف سازش ہوگی۔سندھ نے پاکستان بنایا ہے۔