تھائی شہزادی انتخابی دوڑ سے باہر
بینکاک ..تھائی لینڈ کے بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے اپنے بڑی بہن اوبولرتنا کو شاہی خاندان کی سیاست میں داخلے کو حساس اور نامناسب قرار دیتے ہوئے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں شامل ہونے سے روکنے کا حکم جاری کردیا۔تھائی لینڈ کے بادشاہ نے یہ فیصلہ اس لئے کیا کیونکہ جدید دنیا میں اکثر شاہی خاندانوں کا یہ رواج ہے کہ وہ سیاست اور انتخابی عمل میں براہ راست شامل ہونے سے گریز کرتے ہیں۔قبل ازیں 67 سالہ شہزادی اوبولرتنا نے تھائی لینڈ کی سیاسی جماعت تھائی راکساچارٹ پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار بننے کا اعلان کیا تھا۔اوبولرتنا کی جانب سے جس جماعت کا انتخاب کیا گیا تھا وہ ملک کی فوج کے ترجیحی امیدوار اور موجودہ وزیراعظم پریوتھ چینوچا کے خلاف تھی، جو 2014 سے برسر اقتدار ہیں جب فوج نے سابق حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ان کے انتخاب لڑنے سے سیاست میں شاہی خاندان کی جانب سے کردار ادا نہ کرنے کی روایت شکنی ہوجاتی، تاہم بادشاہ نے فوری طور پر انہیں روکا اور حکم بھی جاری کردیا۔ حکم میں کہا گیا تھا کہ شاہی خاندان کے کسی بھی رکن کو سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔