کراچی: گزشتہ ایک ہفتے سے جاری گیس بحران نے شدت اختیار کرلی ہے جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین کے ساتھ شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے سندھ بھر میں گیس بحران کی وجہ سے شہریوں کو سی این جی بھی دستیاب نہیں ہوئی۔ گزشتہ تین روز سے سی این جی اسٹیشن بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور دستیاب گاڑیوں کی جانب سے من مانے کرایے وصول کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی قلت کے باعث خواتین کو گھریلو کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا ہے۔ ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اسی دروان سوئی سدرن نے اگلے ہفتے کے لیے صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے ۔ سوئی سدرن کے مطابق اگلے ہفتے پیر، بدھ اور جمعہ سی این جی کھلی رہے گی جب کہ منگل، جمعرات اور ہفتہ بند رہے گی۔