لکھنؤ: پرینکا گاندھی کی ریلی میں 50سے زائدافراد کے موبائل چوری
لکھنؤ۔۔۔کانگریس کی ریاستی جنر ل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کوپارلیمانی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اپنے بھائی کانگریس صدر راہول گاندھی اور مغربی اتر پردیش کے پارٹی انچارج جیوتیرادتیہ سندھیا کے ہمراہ لکھنؤ میں روڈ شو کا اہتمام کیا۔اس دوران پارٹی کارکنان میں تاریخی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔کارکنان اور عوام پرینکا کو ایک جھلک دیکھنے اور موبائل کیمروں میں ان کی تصویرقید کرنے کیلئے بیتاب نظر آرہے تھے۔روڈ شوکے دوران بھیڑ میں چوروں نے موقع پاکر 50سے زائد افراد کے موبائل پر ہاتھ صاف کردیئے۔پرینکا کاقافلہ جب لکھنؤ ایئرپورٹ سے پارٹی کے صدر دفتر کی جانب روانہ ہوا توسروجنی نگرعلاقے میں پہنچتے ہوئے کئی کارکنان کے موبائل غائب ہوگئے۔روڈ شو میں موجود ایک شخص کو بھیڑ نے موبائل چوری کے الزام میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔کانگریس کارکن ابھیشیک نے بتایا کہ ریلی ان کا اور دیگر 50سے زائد افراد کا موبائل چوری ہوگیا جس کی شکایت سروجنی نگر پولیس اسٹیشن میں درج کرادی گئی۔ریلی کے دوران ڈیوٹی پر تعینات انتظامیہ کے افسر کا موبائل بھی چوری ہوگیا۔میڈیا کے ملازمین، سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے موبائل چوری کرلئے گئے۔پولیس سائبر سیل کے سی او ابھے مشرا نے بتایا کہ 50سے زائد افراد نے موبائل چوری کی شکایات درج کرائیں۔پولیس نے موبائل چوروں کو گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کردی ۔