کویت: نیلسن منڈیلا میموریل ٹی ۔10کرکٹ چیمپیئن شپ
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنما نیلسن منڈیلا کی 100 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کویت کرکٹ اور کویت میں جنوبی افریقہ کے سفارتخانے کے باہمی اشتراک سے نیلسن منڈیلا میموریل ٹی-10 چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کویت کرکٹ کی مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔ کویت کرکٹ کی جانب سے انڈر۔ 19، انڈر۔ 16، کویت ویمنز کرکٹ، کویت کرکٹ آفیشلز اور کویت کرکٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔بارش کے باوجود شائقین کی کثیر تعداد نے کرکٹ میچز کو انجوائے کیا اور جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنما نیلسن منڈیلا کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر کویت کرکٹ کے ڈائریکٹر جنرل ساجد اشرف نے کہا کہ کرکٹ مختلف قومیتوں کے درمیان بھائی چارے کی اکائی ہے، آج کے دن ہم جنوبی افریقہ کے انقلابی لیڈر نیلسن مندیلا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عرصہ دراز تک جیل کی صعوبتیں اٹھانے کے باوجود اپنے اصولوں پرقائم رہے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت کرکٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ان شااللہ مستقبل قریب میں یہاں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہماری پوری کوشش ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلی جائے اور یہاں اس کھیل کو مزید فروغ دیا جائے۔ جنوبی افریقہ کے سفیر نے کویت کرکٹ ، اسٹاف، شائقین اور تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نیلسن منڈیلا کی یاد میں ٹی ۔10 کرکٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا اور اس میں بھرپور حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بارش کی رخنہ اندازی کے باوجود اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے اور تمام کھلاڑیوں ، شائقین اور انتظامیہ نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، یہ سب کرکٹ سے والہانہ لگاو کے اظہار کا طریقہ ہے۔ اس موقع پر پاکستان بزنس سینٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر، امریکہ سے خصوصی طور پر تشریف لائے چیئرمین یوکے پاکستان بزنس فورم کویت ملک نعیم بھی موجود تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں