’’سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو بہت سی اچھی خبریں ملیں گی‘‘
جدہ ۔۔۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبے میں بھی تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور موجودہ دنوں میں انہیں مزید تقویت ملی ہے۔
راجہ علی اعجاز نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی اہمیت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کا پاکستان میں شایان شان ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا اور دورے کے دوران اربوں ڈالر کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔امید کی جا رہی ہے کہ یہ متنوع سرمایہ کاری پیکیج ہوگا۔
راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ عوامی رابطوں کے فروغ کے لئے بہت سے مواقع پیدا کریں گے۔ولی عہد کے دورے سے باہمی تعلقات کو نئی بلندی ملے گی۔
پاکستانی سفیر نے اردو نیوز کے ایک سوال پر کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے وزٹ ویزا فیس میں کمی کے اعلان کے ساتھ اور بھی بہت سی اچھی خبریں ملیں گی۔
انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں تاکہ انہیں ملک کے سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔
سعودی عرب سے اقتصادی تعلقات کے بارے میں بات کرئے پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم عوامل میں سے ایک دو طرفہ سرمایہ کاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو آئل ریفائنری، گیس پائپ لائنز اور ایندھن کے ذخیرہ کی ضرورت ہے جس سے سعودی سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔سرمایہ کاری کے دوسرے شعبوں میں زراعت اور کان کنی کے شعبوں، خاص طور پر تانبے اور جپسم میں ہوسکتی ہے۔
اس کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین قانونی فریم ورک موجود ہے جو کہ سرمایہ کار کو سہو لتیں فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے آئی ٹی اور خدمات کے شعبوں اور انسانی وسائل کو وژن2030 کے تحت سعودی عرب میں ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سی پیک بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس کی بہت سی جہتیں ہیں۔ سی پیک کے ساتھ بہت سے دوسرے منصوبے جڑے ہوے ہیں۔امید رکھتے ہیں کہ سعودی عرب پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔