امیشا پاٹل کی عدالت میں طلبی
فلم ”کہونا پیارہے“ سے شہرت حاصل کرنے والی بالی وڈ اداکارہ امیشا پاٹل کولاکھوں روپے کے فراڈ کے الزام میں عدالت طلب کیا گیا ہے۔ ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد سے تعلق رکھنے والے پون کمارنامی شخص نے اداکارہ امیشا پر پیسے لینے کے باوجود تقریب میں شرکت نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف دھوکا دہی اورفریب کا مقدمہ درج کرایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ ڈیڑھ سال پرانا ہے 16 نومبر 2017 کو امیشا کو ایک شادی کی تقریب میں پرفارمنس کے لئے بلایا گیا تھا اس کے لئے انہیں 11لاکھ روپے دئیے گئے تھے لیکن امیشا پاٹل پیسے لینے کے باوجود پروگرام میں شریک نہیں ہوئیں۔پون کمارمرادآباد میں ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی چلاتے ہیں اور ان کی کمپنی نے امیشا کو شادی کے ایونٹ میں شرکت کے لئے پیسے دئیے تھے، اس کے علاوہ امیشا نے سیکیورٹی انتظامات کے لئے جو بھی فرمائش کی تھی وہ بھی پوری کی گئی تھی تاہم امیشا نے وعدہ خلافی کی اور شادی میں شریک نہیں ہوئیں۔بعد ازاں پون کمارنے اپنے وکیل کے توسط سے مقامی عدالت میں اداکارہ سمیت 3 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، عدالت نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے اداکارہ کو 12 مارچ کو طلب کیا ہے۔