فلم کو باقاعدہ انڈسٹری تسلیم نہیں کیا گیا، افضل خان
نامور اداکار افضل خان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ابھی تک فلم کے شعبے کو باقاعدہ انڈسٹری تسلیم نہیں کیا گیا۔حکومت جس طرح دیگر شعبوں کی سرپرستی کرتی ہے اسی طرح فلموں کی جانب توجہ دے تو نہ صرف اربوں روپے آمدن ہو گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ ایک انٹر ویو میں افضل خان نے کہا کہ میں کسی بھی شعبے کو ریلیف دینے کا مخالف نہیں لیکن حکومت جس طرح برآمدی انڈسٹری کو ریلیف دیتی ہے اسی طرح فلم کے شعبے کےلئے حکومت کی جانب سے اس سے کہیں کم سرمایہ کاری سے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ہمیں مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کے لئے روایتی شعبوں سے ہٹ کر دوسری طرف بھی دیکھنا ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی فلموں کی بیرون ملک نمائش سے ملک کا سافٹ امےج اجاگر ہوگا اور اس کے ساتھ ہماری آمدنی بھی بڑھے گی۔حکومت جوائنٹ ونچر کرے تاکہ مقامی سرمایہ کار بھی خوش دلی سے سرمایہ کاری کریں ۔پاکستانی فلموں کو دوسرے ممالک کی زبانوں میں پیش کرنے کےلئے باقاعدہ منصوبے کا اعلان کیا جانا چاہئے ۔