خشک اور سرد موسم میں بالوں کو فریزی ہونے سے بچانے کی تدابیر
سرد اور خشک موسم جلد کے ساتھ ساتھ بالوں کو بھی متاثر کرتا ہے اور بالوں کو خشک ، روکھا اور بے رونق بنا دیتا ہے . درجہ حرارت میں عدم توازن اور ہوا میں نمی کے تناسب میں کمی کے سبب بال فریزی ہوجاتے ہیں اور انہیں سنبھالنا اور اسٹائلنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ ذیل میں ہیئر کیئر کے لیے کچھ گھریلو ٹوٹکے درج ہیں جو موسم سرما میں بالوں کو فریزی ہونے سے بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔بال دھونے کے لیے نیم گرم پانی استعمال کریں نہ بہت زیادہ گرم نہ بہت ٹھنڈا . یہ بالوں کے کیوٹیکلز کوبندکرنے میں مدد دیتا ہے اور اس طرح نمی کو بالوں میں محفوظ کردیتا ہے . بند کیوٹیکلز بالوں میں میل مٹی کو داخل ہونے سے روکتے ہیں اور سر کی جلد کو آلودگی سے بچاتے ہیں۔بالوں کو فریزی ہونے سے بچانے کے لیے ہیئر ڈرایئر کے استعمال سے اجتناب کریں . ہیئر ڈرائر سے نکلنے والی ہیٹ بالوں کی نمی کو اپنے اندر جذب کر لیتی ہے جس کےنتیجے میں بال خشک اور روکھے ہو جاتے ہیں۔لمبے عرصے تک ہیئر ڈرایئر کا استعمال بالوں کو بے جان اور فریزی بنا دیتا ہے .
کیلا اور ایواکاڈو کا ماسک بالوں کو نرمی فراہم کرتا ہے . ایک کیلا اور دو ایواکاڈو لے کر انکا پیسٹ بنالیں . اس ماسک کو سر کی جلد پر بیس سے تیس منٹ تک لگا کر رکھیں اور پھر شیمپو سے دھو ڈالیں ۔ یہ ماسک بالوں کو لچک ، نمی ، چمک اور خوبصورتی فراہم کرتا ہے ۔چاول ، دودھ اور شہدوہ اجزاء ہیں جو بالوں کے مسائل کا بہترین حل ہیں۔ چاولوں کو 15منٹ کے لیے بھگو دیں اور پھر چاولوں کے اس پانی کو دودھ اور شہد کے ساتھ ملا کر پیسٹ بنالیں ۔ اسے بالوں پر 15 سے20 منٹ کے لیے اپلائی کریں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو ڈالیں . اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور بالوں کے والیم میں اضافہ ہوتا ہے ۔انڈے کی زردی بالوں کے روکھے پن کو دور کرنے کے لیے بہترین ہے . دو انڈوں کی زردی کو اچھی طرح پھینٹ کر سر کی جلد اور بالوں کے سروں پر بیس سے تیس منٹ کے لیے لگائیں اور پھر دھو دیں . اس سے بال نرم و ملائم اور چمکدار ہو جائیں گے۔ بالوں میں تیل لگانا ایک پرانا رواج ہے تاہم اسکی اہمیت سے انکار ممکن نہیں . ارنڈی اور ناریل کے تیل کو مکس کر کے سر کی جلد پر مساج کریں ۔ یہ سر کی جلد کو سکون فراہم کرتا ہے اور خشکی کو کنٹرول کرتا ہے۔