Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین کے لیے وٹامنز کیوں ضروری ہیں ؟ ‎

 صحت مند رہنے کے لئے وٹامنز کی متناسب مقدار کا جسم میں ہونا ضروری ہے .  اگرچہ وٹامن ہر شخص کی ضرورت ہے تاہم خواتین کے لیے وٹامن کی اہمیت مردوں سے زیادہ ہے ۔ خواتین میں وٹامنز اور غذائیت کی کمی بہت سی بیماریوں کا سبب بنتی ہے اور بہت سے معاملات میں پیچیدگی پیدا کر دیتی ہے   خاص طور پر پیدائش کی صلاحیت میں کمی ، انفیکشن کے خطرات ،  حساسیت اور بیماریوں کا مقابلہ کرنے میں دشواری کو جنم دیتی ہے ۔ اوسٹیوپوروسس ، آنکھوں کے مسائل اور جسم کے اعضاء کی کارکردگی کا متاثر ہونا وٹامنز کی کمی کی اثرات کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں ۔ 
اگر خواتین کے لیے اہم وٹامن کی بات کی جائے تو پہلا گروپ اینٹی اوکسیڈنٹس کا ہے ۔ اس گروپ میں وٹامن ای  ، ریٹینول ،  بیٹا کیروٹینائیڈ ،وٹامن سی اور وٹامن ای شامل ہیں ۔ یہ اینٹی اوکسیڈنٹس جسم میں فری ریڈیکلز کو بننے سے روکتے ہیں اور بڑھاپے کی رفتار کو سست کرنے کے ساتھ جسم کو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں ۔ یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور جسم کو بیماریوں کے جراثیم کے خلاف مدافعت فراہم کرتے ہیں ۔ بیٹا کیروٹین آنکھوں  ، سوفٹ ٹشوز اور جلد کی حفاظت کے لیے ضروری ہے ۔ وٹامن سی زخموں کو بھرنے اور خون کے سرخ خلیات کو بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہ دماغ میں پیدا ہونے والے ہارمون نورایڈرینلائن کی مقدار کو بھی بڑھاتا ہے اس طرح اسٹریس کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ 
دوسرا گروپ وٹامن بی کمپلکس کا ہے جس میں وٹامن بی 6 ، ‏بی 12 اور فولک ایسڈ خاص اہمیت کے حامل ہیں ، وٹامن بی سکس کو پائریڈاکسن بھی کہا جاتا ہے ۔ یہ دماغی صلاحیتوں میں اضافے اور جسم کو توانائی فراہم کرنے کےلیے ضروری ہے ۔ وٹامن بی 12 میٹابولزم کو بہتر بنانے اور خون کے سرخ خلیات کی افزائش میں مدد دیتا ہے جبکہ فولک ایسڈ دماغ اور اسپائنل کارڈ کے خلیات کو صحت اور تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ یہ ڈی این اے کو تبدیل ہونے سے بچاتا ہے اور کینسر کے رسک کو کم کرتا ہے ۔ یہ دوران پیدائش بچے میں ماں کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے ۔ 
وٹامن ڈی جسم کے لئے بہت اہم ہے جو کہ ایک ہارمون کی طرح کام کرتا ہے ۔ یہ کیلشیم اور فاسفورس کو ہڈیوں تک پہنچاتا ہے اور ہڈیوں میں جذب کرا کے انہیں مضبوطی فراہم کرتا ہے ۔ وٹامن ڈی کی کمی اوسٹیوپوروسس کے مسئلے سے دوچار کرنے کا سبب بنتی ہے ۔ وٹامن ڈی ہڈیوں کی صحت کے ساتھ ساتھ دماغی صحت ، موڈ میں تبدیلی اور ہارمونز پر بھی اثر انداز ہوتا ہے ۔
وٹامن کے ہڈیوں کی نشوونمااورمضبوطی ،خون کے جمنے اوردل کے امراض سے بچاتاہے۔بہت سی خواتین میں اس قیمتی غذائی اجزا کی کمی ہوتی ہے۔مطالعہ کے مطابق، جوافراد اپنی غذامیں وٹامن کے کااستعمال کرتے ہیں ا ن میں دل کے امراض کے سبب موت کے خطرات لاحق نہیں ہوتے۔اگرآپ طویل مدت تک اینٹی بائیوٹکس اورکولیسٹرول کم کرنے والی ادویات لیں توآپ میں وٹامن کے کی کمی کاامکان رہتاہے، جس کی وجہ سے آنتوں کے مسائل مثلاً آئی بی ایس یعنی آنتوں کی سوزش جیسے امراض درپیش ہوسکتے ہیں۔ 
متوازن غذا اور  لایف اسٹائل میں تبدیلی کر کے وٹامن کی کمی کے مسئلے سے بچا جا سکتا ہے .  اسکے باوجود بھی وٹامن کی کمی  کا مسئلہ درپیش ہو تو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق سپلیمنٹس کے استعمال سے اس کمی کو دور کیاجاسکتا ہے . 
 
 

شیئر: