”پاکستان اور سعودی عرب میں فلمی معاہدہ، زیادہ سینما، زیادہ منافع“
رائے شاہنواز۔ لاہور
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کےلئے ایک ایگزیکٹو پروگرام پربھی دستخط کئے گئے ہیں۔
اس میں سب سے اہم بات دونوں ملکوں میں فلم کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں سعودی حکومت نے اپنی پالیسی نرم کرتے ہوئے فلموں کی نمائش کی اجازت دی ہے اور اب وہاں سینما گھر بھی بنائے جارہے ہیں۔
پاکستان کی اب تک2و فلموں کی نمائش سعودی عرب میں ہو چکی ہے۔ پہلی فلم 'پرچی' کی سعودی سینما گھروں میں دکھائی گئی جس میں حریم فاروق نے ادارکاری کی جبکہ دوسری فلم ”پرواز ہے جنون“بھی سعودی سینما گھروں کی زینت بنی۔
سعودی حکومت کے ساتھ نئے معاہدے کو پاکستان کی دوبارہ سے جڑ پکڑتی فلم انڈسٹری میں ایک حوصلہ افزا اضافہ سمجھا جارہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے نامور ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا سے اردو نیوز نے جب بات کی تو وہ خاصے پرجوش نظر آئے۔
ندیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا مسئلہ مارکیٹ ہے اور پہلی دفعہ پاکستانی باکس آفس 40 کروڑ تک پہنچا ہے۔
مانڈوی والا کا یہ ماننا تھا کہ ”زیادہ سینما گھروں کا مطلب ہے زیادہ منافع“۔
پاکستانی فلم انڈسٹری جو کہ سال میں اب4سے 5 فلمیں بنا رہی ہے۔ ان فلموں کے معیار میں جس تیزی کے ساتھ بہتری آئی ہے وہ حیران کن ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اگر پاکستانی فلموں کی منڈی سعودی عرب تک وسیع ہوتی ہے تو یقینا یہ ایک آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سعودی فلم بنانے کی طرف بھی آتے ہیں تو بھی اس شعبے میں اعتماد بڑھے گا اور لوگ کھل کے پیسہ لگانے کو تیار ہوں گے۔
فلم و ٹی وی کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے اردو نیوز سے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فلمی معائدہ فائدہ سراسر ہمارا ہے۔ اگر فلمیں کامیاب ہوں گی تو فنکاروں کو پیسے اچھے ملیں گے اور ٹیلنٹ بھی ابھر کے سامنے آئے گا۔
عدنان صدیقی جو کہ پاکستانی ڈراموں میں بڑا نام سمجھے جاتے ہیں پچھلے کچھ سالوں سے بڑی اسکرین پر بھی جلوہ گر ہو رہے ہیں، انھوں نے 'مام' اور 'یلغار' جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت فلم انڈسٹری کو اس طرح کے معاہدوں کی شدید ضرورت ہے۔