اسلام آباد...چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ گوادر میں 5 سال کی مدت میں 10 ارب ڈالر مالیت کی آئل ریفائنری قائم کی جائے گی۔ سعودی عرب پاکستان کو 7 ارب ڈالر مالی امداد دے گا۔ پاکستان کو ماہانہ 25کروڑ ڈالرز مالیت کا تیل موخر ادائیگی پر فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2 ارب ڈالر کے2بجلی گھر بھی سعودی عرب کو فروخت کئے جاسکتے ہیں۔سعودی عرب پاکستان سے سرجیکل آلات خریدے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب بجلی بنانے کے کارخانوں کے نجکاری پروگرام میں حصہ لے گا،اگر سعودی بولی کامیاب رہی تو 2 ارب ڈالر کے کارخانے خرید سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے میں پاکستان اور سعودی کے درمیان 2 معاہدے ہوئے ہیں۔سعودی عرب پاکستان سے سرجیکل ساز و سامان خریدے گا اور آر ایل این جی پلانٹس میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ آر ایل این جی پلانٹس میں سرمایہ کاری ایک سے دوسال میں ہوگی۔ ایکوا پاورقابل تجدید توانائی شعبے میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ہارون شریف کے مطابق سعودی فنڈ برائے پاکستان ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا جبکہ پٹرو کیمیکل منصوبوں میں سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک بڑھائی جائے گی جو 2 سے 3 سال کے اندر بڑھائی جائے گی۔ خوراک و زراعت کے پراجیکٹس میں ایک ارب ڈالر اور طویل مدتی سرمایہ کاری 3 سے 5 سال تک محیط ہوگی۔