گہر ی شراکت کے نئے روشندان
جمعرات 21 فروری 2019 3:00
جمعرات 21فروری 2019ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہند کا دورہ مکمل کرکے چین پہنچ گئے ہیں۔اس حوالے سے ماہرین اقتصاد کی نظریں بیجنگ پر ٹک گئی ہیں ۔ ماہرین کا کہناہے کہ ایشیائی ممالک کے دورے کی تیسری منزل چین سے اقتصادی شراکت کی جڑیں گہری کرنے اور دنیا بھر کے اتحادیوں کے ساتھ اپنے ملک کے تعاون کے نئے افق کھولنے کیلئے ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ بیجنگ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ سیاسی ، اقتصادی اور عسکری امور ایجنڈے پر ہونگے۔
چین کیساتھ سعودی عرب تمام شعبوں میں ہر سطح پر مشترکہ تعاون کے نئے افق پر تبادلہ خیال کریگا۔ اعدادوشمار بتا رہے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کافی آگے بڑھ چکا ہے۔ 2017ءمیں تجارتی لین دین 2016 ءکے مقابلے میں 12فیصد زیادہ رہا۔ چین مملکت کو سامان فراہم کرنے والے 10بڑے ممالک میں دوسرے نمبرپر ہے جبکہ مملکت سے سامان درآمد کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔
سعودی عرب ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کا ماحول بھی دورہ چین پر منعکس ہوگا ۔ سعودی عرب دنیا بھرکے ممالک کیساتھ مشترکہ اقتصادی ، سیاسی اور سلامتی تعاون اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے نئی کھڑکیاں کھولنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭