Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رستم پاکستان دنگل لاہور سے فیصل آباد منتقل کردیا گیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے رستم پاکستان دنگل فائنل کی میزبانی لاہور کے بجائے فیصل آباد کرے گا۔ سیکریٹری ارشد ستار کے مطابق اب محمد انعام بٹ گوجرانوالہ اور حامد خان ملتانی پہلوان کے درمیان ٹائٹل فائٹ یکم مارچ کو اقبال اسٹیڈیم میں ہوگی جس کے لئے تیاریاں شروع کرد ی گئی ہیں۔پہلے پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں یہ فائنل فائٹ کروانا چاہتے تھے لیکن لاہور میں پی ایس ایل کے انتظامات کی وجہ سے اس کو فیصل آباد منتقل کردیا، اب پنجاب اسٹیڈیم میں یہ دنگل منعقد ہوگا، جہاں نو سال بعد ہونے والے رستم پاکستان فائنل میں تماشائیوں کا داخلہ مفت ہوگا۔ انعام بٹ کے پاس شیر پاکستان کا ٹائٹل ہے جبکہ حامد پہلوان رستم ملتان ہیں۔سیمی فائنل میں محمد انعام بٹ نے شہزاد پچار پہلوان کو چت کیا تھا جبکہ حامد ملتانی کو طیب رضا کے خلاف مقابلے میں فاتح قرار دیاگیا تھا۔رستم پاکستان ٹائٹل فائٹ سے پہلے تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے سیمی فائنل ہارنے والے دونوں پہلوان شہزاد پچار اور طیب رضا میں بھی جوڑ پڑے گا۔ تماشائیوں کی دلچسپی کیلئے چند مقابلے مزید بھی رکھے جارہے ہیں جن میں نئے پہلوان ایک دوسرے پر برتری ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔سیکریٹری ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار کے مطابق رستم پاکستان ٹائٹل پانے والے کو5 لاکھ روپے انعام دیاجائیگا،عمدہ کارکردگی دکھانے والے دوسرے پہلوانوں کوبھی نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔پاکستان میں دیسی کشتی کے فن کو زندہ رکھنے اور مقبول بنانے کے لئے فیڈریشن نے ہر دوسال بعد رستم پاکستان دنگل کرانے کی پلاننگ کی ہے۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: