پیر 25فروری 2019ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے ا خبار ” الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
ریاست کے مختلف ادارو ںاور بنیادی ڈھانچے کی اصلاح و تعمیر و تشکیل کے حوالے سے مسلسل پے درپے تغیرات ظاہر کرتے ہیں کہ موجودہ مرحلہ انتہائی اہم ہے اور بڑی تبدیلیوں کی نوید دے رہا ہے۔سعودی عرب میں مختلف سطحوں پر تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ۔ سماجی تبدیلیاں بھی ہیں۔ اقتصادی ، قانونی اور انتظامی اصلاحات کا سلسلہ بھی چل رہا ہے۔ کل ہی 3شاہی فرامین جاری ہوئے، ان میں سے ایک کے تحت سعودی عرب کی جنوبی سرحدو ںپر تعینات فوجیوں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا فرمان بھی ہے۔ یہ فرمان مسلح افواج کے تمام جوانوں کی ملک و قوم کی خدمت کا عملی اعتراف ہے۔ اس شاہی فرمان کے ذریعے محاذ جنگ پر تن من کی قربانی دینے والے جوانوں کی قدرو منزلت کا عملی اظہار ہے۔ ایک فرمان کے تحت شہزادہ خالد بن سلمان کو نائب وزیر بدرجہ وزیر تعینات کیا گیا۔ ایک اور فرمان کے ذریعے شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو امریکہ میں سعودی عرب کا سفیر بدرجہ وزیر مقرر کیا گیا۔
جنوبی سرحدوں پر فوجیوں کا اعزاز سعودی قیادت کے اس احساس اور ادراک کا غماز ہے کہ ہمارے فوجی جوان اپنے ملک ، اس کے امن اور اسکے استحکام کے حوالے سے اپنا قومی اور مذہبی فریضہ انتہائی چابکدستی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ جہاں تک شہزادہ خالد اور شہزادی ریما کی تقرریوں کا تعلق ہے تو وہ ملک میں تجدید کے عمل اور مختلف ریاستی ادارو ںمیں نیا خون لانے کے مشن کا ایک حصہ ہے۔ ان دونوں کی تقرری بتا رہی ہے کہ سعودی قیادت کی آرزوﺅں کی کوئی انتہا نہیں۔ یہ تقرریاں ظاہر کرتی ہیں کہ مختلف سطحوں پر عمل پیہم کا ماحول جاری و ساری ہے۔ یہ تقرریاں بتا رہی ہیں کہ سعودی قائدین اپنے کندھوں پر اپنے عوام اپنی قوم کے مسائل کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں اور انتہائی متوازن انداز میں اقدامات کرکے گتھیاں سلجھانے میں لگے ہوئے ہیںجس پر انہیں اپنوں سے پہلے پرایوں کی جانب سے قدرو منزلت اور پسندیدگی کے پیغامات مل رہے ہیں۔