ریاض۔۔۔ ہیومن رائٹس واچ نے اطلاع دی ہے کہ قطری حکام پناہ طلب کرنے والے ایک یمنی شہری کو زبردستی ملک سے بیدخل کرکے حوثیوں کے حوالے کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ یمنی شہری اپنی اہلیہ اور دو ننھے بچوں کے ہمراہ قطر میں مقیم ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ حکومت قطر نے ابھی تک ستمبر 2018ءمیں جاری شدہ قانون نافذ نہیں کیا۔ اس قانون کے بموجب پناہ طلب کرنے والوں کے حقوق اور پناہ دینے کے ضوابط مقرر ہوگئے ہیں۔ ہیومن رائٹس کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ لما فقیہ نے کہا کہ قطر نے 2018ءمیں پنا ہ طلب کرنے والوں کے حوالے سے جو وعدے کئے تھے ایسا لگتا ہے کہ اب وہ ان سے منحرف ہورہا ہے۔ قطر ایک طرف دہشت گردی کے جرائم میں ملوث افراد کی میزبانی کررہا ہے اور دوسری جانب مجبور اور مقہور عربوں کو پناہ دینے سے انکاری ہے۔