Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے انڈیا کے دو طیارے مار گرائے

 
وحید مراد ۔ اسلام آباد
 
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول پر دو انڈین طیارے مار گرائے ہیں۔اس سے قبل انڈیا اور پاکستان نے ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کئے تھے۔
بدھ کو فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفورنے ٹوئٹر پر بتایا کہ انڈیاکے طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں مار گرایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’’بدھ کی صبح دو انڈین طیاروں نے لائن آ ف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر کاررائی کی گئی۔‘‘

ترجمان نے کہا کہ ایک انڈین طیارہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں گرا ہے جس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے طیارے کا ملبہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں گرا ہے۔

اس سے قبل خبررساں اداروں رائٹرز اور پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے انڈین حکام کے حوالے سے کہا تھا کہ پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر راجوری سیکٹر میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ نے پاکستانی حدود میں رہتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے پار انڈین اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ کارروائی تسلسل سے ہونے والی انڈین جارحیت کا جواب نہیں تھا ،اس لیے غیر عسکری اہداف کو نشانہ بنایا تاکہ انسانی اور کولیٹرول نقصان کو کنٹرول کیا جا سکے۔ اس کا واحد مقصد پاکستان کے دفاع کی صلاحیت اور عزم کا اظہار تھا۔دفتر خارجہ کے مطابق ’’ہمارا ارادہ کشیدگی بڑھانے کا نہیں مگر اس طرف دھکیلا گیا تو ہم ہر صورتحال کے لئے تیار ہیں۔ اسی مقصد کے لیے ہم نے دن کے اجالے میں واضح طور پر خبردار کر کے کاروائی کی۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس راستے پر نہیں چلنا چاہتا اور پر امید ہے کہ انڈیا امن کو ایک موقع دے گا۔
 

شیئر: