پرسکون نیند فراہم کرنے والی غذائیں
نیند میں دشواری ایک اہم مسئلہ ہے جو بہت سے افراد کو درپیش رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک عام شخص کو دن بھر میں کارکردگی بہتر کے لئے8 سے9 گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ بیشتر افراد دن بھر کی مصروفیات کے بعد صرف 6گھنٹے آرام کےلئے نکال پاتے ہیںلیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ رات کی پرسکون نیند مصروفیات کے ساتھ آپ کی خوراک سے بھی منسلک ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق ایسی بہت سی غذائیں اور مشروبات موجود ہیں جو پر سکون اور بھرپور نیند میں مدد دیتے ہیں۔ ذیل میں ایسی چند غذائیں درج ہیں جو نیند کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
چیری کا جوس میلاٹونن فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ میلاٹونن بے خوابی کی شکایت کو دور کر نیند کو پرسکون بناتا ہے۔ چیری جوس کا ایک گلاس نیند کو بہتر بنانے کے لئے کافی ہے۔
انڈے اور چکن بھی میلاٹونن کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔ یہ بے خوابی کے عارضے کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
میوہ جات سے بھرپور دودھ ، جس میں کاجو اور بادام شامل ہوں ، سبزیوں کے جوس کا بہترین متبادل ہے جو جسم میں نیند پیدا کرنے والے قدرتی عنصر ٹرپٹو فین کو فکس کرنے میں مدد دیتا ہے۔
سلاد میں چھولے اور تل کے بیج شامل کرنا سرکیڈین ردم کو ترتیب دینے میں مدد دیتے ہیں اور اس طرح پرسکون نیند میں مداخلت کرنے والے عوامل کے خلاف تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ کیلا کیلشیم اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ دونوں منرلز مسلز کو سکون فراہم کرکے نیند کو بہتر بناتے ہیں۔
ہرے پتوں والی سبزیاں فولک ایسڈ ، میگنیشیم ، وٹامن بی 6 اور وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ تمام اجزاء نیوروٹرانسمیٹر کی فعالیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہرے پتوں والی سبزیوں میں گلوٹامین بھی پایا جاتا ہے جو نیوروٹرانسمیٹر پاتھ وے کے ذریعے سونے جاگنے کے سائیکل کو کنٹرول کرتا ہے۔
شام کے بعد کیفین اور ریفائنڈ شوگر وغیرہ کے استعمال سے اجتناب بھی نیند کو بہتر بنانے کیلئے اہم ہے۔ آپ کافی پینے کی عادت کو جوس سے بدل سکتے ہیں۔ اپنے مشروبات میں تازہ جڑی بوٹیوں کو شامل کرکے نہ صرف مشروب کے ذائقہ کو بڑھایا جاسکتا ہے بلکہ وٹامن کے اور اینٹی آکسیڈنٹس کی کثیر مقدار حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس طرح پرسکون نیند میں خلل پیدا کرنے والے تمام عوامل سے روک تھام ممکن ہو جاتی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭