جدہ کے قدیم علاقے البلد میں قائم ’مدرسہ الفلاح‘ تاریخی حیثیت رکھتا ہے، جزیرہ نما عرب میں باضابطہ طور پر قائم کیا گیا پہلا سکول ہے جسے عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الفلاح سکول کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی السلیمانی نے بتایا ہے ’اس تاریخی عمارت کو ثقافتی حیثیت دینے کے لیے ایک حصہ وزارت ثقافت کے حوالے کیا جا رہا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
33 سال میں 10 ہزار نوادر، سعودی نے گھر کو عجائب گھر بنا دیا
Node ID: 722081
-
جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ثقافتی تقریبات کا آغاز
Node ID: 824531
-
جدہ میں البلد کے تاریخی علاقے میں مدرسہ الفلاح 1905 میں معروف کاروباری شخصیت شیخ محمد علی زینل علی رضا نے قائم کیا تھا۔
یہ وہ دور تھا جب مغربی سعودی عرب کا جزوی علاقہ عثمانی ترکوں کی حکمرانی میں تھا اور علاقے میں غربت اور ناخواندگی عام تھی۔
زینل علی رضا کو آغاز میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر انہوں نے دیگر کاروباری شخصیات کی مدد سے سکول کو فنڈز مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز نے مدرسہ الفلاح کا دورہ کیا اور اس کی تعلیمی و سماجی حیثیت کو سراہتے ہوئےسرکاری طور پر امداد کا بندوبست کیا۔
الفلاح سکول سعودی عرب کی متعدد قومی شخصیات کا مادر علمی رہا ہے اور مملکت میں جدید تعلیم کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

سکول کے قدیم طلبہ میں سابق وزیر اطلاعات محمد عبدو یمانی، سابق وزیر تجارت عبداللہ زائل، سابق وزیر پٹرولیم و معدنی وسائل احمد ذکی یمانی اور سابق وزیر حج حامد حراسانی شامل ہیں۔
جدہ کے تاریخی علاقے البلد کے وسط میں قائم الفلاح سکول اپنی قدیم اور جدید عمارتوں کے ساتھ ایک خاص شہرت رکھتا ہے، قدیم عمارت کی تاریخی حیثیت 120 سال سے زیادہ پہلے کی ہے۔
سکول کے مینجنگ ڈائریکٹر علی السلیمانی نے عرب نیوز کو بتایا ہے ’قدیم عمارت کو مکمل طور پر ایک میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں سیاحوں کو عرب ثقافت کے علاوہ سکول اور علاقے کے تاریخی ورثے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔‘

علی السلیمانی نے بتایا ’تاریخی علاقے میں ترقیاتی منصوبہ بندی کے مطابق تیار کرنے کے لیے سکول کی قدیم عمارت کو وزارت ثقافت کے حوالے کیا گیا ہے۔‘
الفلاح سکول کے سابق طالب علم 82 سالہ حمزہ عوفی نے بتایا یہ سکول مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، اسے ہم اپنے گھر کی طرح مانتے تھے۔
سکول سے فارغ التحصیل بہت سے طلبہ قیادت کے اہم عہدوں پر فائز ہوئے، ہماری بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں۔
میں اب بھی وقتاً فوقتاً سکول کے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پرانی یادیں تازہ کرنے کے لیے سکول کا دورہ کرتا ہوں۔
