دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہند وستان کے کرکٹ بورڈ نے ایک اور پینترا بدلتے ہوئے انگلینڈ میں ہونیوالے ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے اپنی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی پر ہی خدشات ظاہر کردیے۔ آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کا اجلاس دبئی میں شروع ہوگیا ہے، اس میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے اپنے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز کی انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے موقع پر سیکیورٹی کے بارے میں تحفظات کااظہار کر دیا ہے۔ انھوں نے 30 مئی سے شروع ہونیوالے ا س بڑے ایونٹ میں اپنے پلیئرز، میچ آفیشلز اور ہندوستانی شائقین کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات ظاہر کر دیئے ہیں۔جوہری نے ساتھ ہی میٹنگ میں اس بات پر اعتماد بھی ظاہر کیا ہے کہ انھیں آئی سی سی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے تیار کئے گئے سیکیورٹی پلان پر مکمل اعتماد ہے جس پر کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے انھیں خصوصی طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ شوپیس ایونٹ کے دوران تمام شرکاءکی حفاظت کیلئے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں، اس حوالے سے اٹھائے گئے خدشات کو بھی دور کیا جائے گا۔ سیکیورٹی پر بحث چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے اصل ایجنڈے کا حصہ نہیں تھی مگر بی سی سی آئی نے رونا دھونا ڈال کر اس بارے میں بات کی ۔ دوسری جانب اپنے ملک میں بیان بازی کے باوجود بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ پرکوئی بات نہیں کی گئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں