Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن کا نوبل انعام کس کا ، عمران خان یا مودی کا؟

انعم تسنیم قریشی

اردو نیوز، اسلام آباد:

پاکستان کی جانب سے انڈین فضائیہ کے گرفتار پائلٹ ابھینندن کو رہا کرنے کے فیصلے کا بین الاقوامی سطح پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے تو عمران خان کے لیے امن کے نوبل انعام کا مطالبہ بھی کردیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ،‘نوبل پیس پرائز فار عمران خان‘ اس وقت ٹاپ ٹرینڈ ہے، عمران خان کو نوبل انعام دینے کے لیے امریکی ویب سائٹ چینج ڈاٹ او آر جی کی پٹیشن پر ہزار افراد نے دستخط بھی کردیے۔انڈین صارفین بھلا کیسے پیچھے رہتے، نریندرا مودی کو ہی نوبل انعام کا صحیح حقدار قرار دینے لگے اور اس طرح ایک بار پھر دونوں ملکوں کے سوشل میڈیا صارفین میں نئی تکرار شروع ہوگئی ہے ۔
کیا اوباما سے نوبل انعام واپس نہیں لے سکتے؟
محمد طارق مسعود نامی ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ’اگر کوئی سربراہ سنہ 2019کے نوبل امن انعام کا حقدار ہے تو وہ عمران خان کے علاوہ اور کوئی نہیں۔ ‘ایک اور صارف ماہ نور خان نامی ٹویٹر صارف نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ ’امن کا سفیر، ہم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔حفصہ وحید نے لکھا کہ ’امن کا مطلب تنازعے کاختم ہونا نہیں ،بلکہ تنازعہ کو پُرامن طریقے سے حل کرنا ہے۔ ’طیارے زمین پر ‘کے نام سے ٹویٹر ہینڈل نے سوال اٹھاتے ہوئے لکھاکہ ’اوباما نے ایسا کیا کیا جو اسے نوبل امن انعام دیاگیا؟ ملالہ نے امن کے لیے کیا خدمات کیں، عمران خان کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیاجائے۔عمران خان کے انڈین پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے نے امریکی کامیڈین جیریمی میک لیلن کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ’کیا ہم براک اوباما سے نوبل امن انعام واپس لے کر عمران خان کو نہیں دے سکتے؟
انڈین سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستان کے وزیراعظم کی مخالفت میں ٹویٹس شروع کردی ہیں۔

مشن کرانتی نے تبصرہ کیا کہ ’عمران خان کو نوبل امن انعام نریندر مودی کے ہاتھوں سے ہی ملے گا،اس نوبل انعام کو جلد لینے کی تیاری کرلو۔

ایک اور صارف ریشبھ مینا نے لکھا’کیا خاک نوبل پرائز،یہ صرف مودی کا خوف تھا اور کچھ نہیں۔

انڈین صارفین کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کو گذشتہ سال سیؤل امن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، وہی نوبل انعام کے بھی حقدار ہیں۔

ایک صارف رانجن کمار نے نریندرا مودی کی ایوارڈ وصول کرتے ہوئے تصویر شیئر کی اور لکھاکہ ’قابلِ احترام وزیراعظم نریندر مودی کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد ہوناچاہیے۔
 

شیئر: