Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواجہ برادران کے ریمانڈ میں مزید توسیع

لاہور ... احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماوں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 مارچ تک توسیع کردی ۔عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نیب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا خواجہ برادران کیخلاف ریفرنس حتمی مراحل میں ہے۔ خواجہ برادران پر پیرا گون سٹی کرپشن میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔خواجہ سعد رفیق نے عدالت میں شکوہ کیا کہ 60سال پرانی بکتر بند گاڑی میں لایا جاتا ہے۔کمر میں درد ہے اور علاج نہیں کرایا جا رہا۔ مجھے کسی اسپتال نہیں جانا مگر علاج کی سہولت دی جائے تو کسی کا کیا نقصان ہے۔ خواجہ برادران کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتہائی تذلیل کی جا رہی ہے۔ کیا پورا شہر بند کر کے بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جا سکتا ہے۔سیکیورٹی کے باعث تمام عدالتوں کا کام متاثر ہورہا ہے۔ خواجہ برادران کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جیسے جنگی قیدی ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سڑکیں بند کرنے کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ ا سے حل کرتے ہیں ۔خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔نیب حکام خواجہ برادران کو احتساب عدالت سے لیکر روانہ ہوئے تو مرکزی گیٹ پر لیگی کارکنوں نے نعرے بازی کی ۔

شیئر: