پی ایس ایل 4: پشاور زلمی نے لاہورقلندرز سے فتح چھین لی
ابوظبی: پی ایس ایل کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 4وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابوظبی میں کھیلے جانیوالے پی ایس ایل4کے چوتھے مرحلے کے سیکنڈ لاسٹ میچ میں ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ابوظبی گراونڈ کی قدرے مشکل وکٹ پر لاہور قلندرز مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنا سکے۔ حارث سہیل کے 43، ڈیوڈ وائز کے 26اور عمیر مسعود کے ناقابل شکست 22رنز کی مدد سے مقررہ 20 اوورز میں124رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ لاہور کے کپتان فخر زمان نے11رنز بنائے۔ ٹیمل ملز نے 3اور ثمین گل نے 2 وکٹیں لیں۔ پشاورزلمی کو 125 رنز کا ہدف آسان نظر آ رہا تھا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ راحت علی اور ڈیوڈ وائز نے بھی ان کا ساتھ دیا اور صرف20 رنز پر پشاور کی 5وکٹیں گرادیں۔ کامران اکمل 3،امام الحق4، عمر امین صفر، ڈاوسن صفر اور پولارڈ2رنز بنا کر آوٹ ہوگئے تاہم مصباح الحق اور ڈیرن سیمی نے لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سنبھالا اور اپنے تمام تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے وکٹ پر ڈٹ رہے۔ دونوں بیٹسمینوں کے درمیان100رنز کی پارٹنرشپ نے لاہور قلندرز کو فتح کے قریب جانے سے روک دیا۔ 55گیندوں پر 59رنز بنانے والے مصباح الحق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہوا لیکن 36 گیندوں پر46رنز بنانے والے ڈیرن سیمی آخری اوور کی دوسری گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد وہاب ریاض نے مصباح کے ساتھ مل کر میچ کو اختتام تک پہنچایا ۔وہاب ریاض نے فاتحانہ اسٹروک کھیلا۔ لاہور کی جانب سے آخری اوور کرانے والے ڈیوڈ وائز 4گیندوں کے بعد ان فٹ ہو گئے تھے اور ان کا اوور سندیپ لمیچان نے مکمل کیا تاہم وہ ایک ہی گیند کر سکے۔ شاہین آفریدی 17رنز دے کر 3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں