اے بی ڈویلیئرز ان فٹ: لاہور قلندر ز کا مزید ساتھ نہیں دینگے
ابوظبی:پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کو ایک بار پھر دھچکا لگا ہے اور ہوم گراونڈ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ منسوخ ہونے کے بعد ا سے اپنے اہم کھلاڑی اور قائم مقام کپتان اے بی ڈ ویلیئرز کی شاندار بیٹنگ سے بھی محروم ہونا پڑ گیا ہے ۔ ڈ ویلیئرز کمر میں تکلیف کے سبب واپس جنوبی افریقہ جا رہے ہیں اور پاکستان میں ہونے والے میچوں میں لاہور قلندرز کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ سابق جنوبی افریقی کپتان لاہور قلندرز کی جانب سے گزشتہ میچ میں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں بہت بری طرح وکٹ پر گر گئے تھے جس کے بعد کافی دیر وہ گراونڈ پر ہی بے سدھ پڑے رہے تا ہم اپنی بیٹنگ مکمل کرنے کے بعد وہ کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔ ڈی ویلیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں ہونے والے میچز میں شرکت نہ کر سکنے پر انتہائی مایوس ہوں کہ پاکستان کے پرجوش شائقین کے سامنے نہیں کھیل سکوں گا۔ میرے ڈاکٹرز نے مجھے 2 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ لاہور قلندرز کے منیجرثمین رانا نے کہا ہے کہ یہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ اور شائقین کیلئے انتہائی مایوس کن ہے کہ اے بی ڈ ویلیئرز پاکستان نہیں آرہے اور وہاں ہونے والے میچوں کیلئے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہونگے۔ہم انکی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں