ہند کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک اور شکست
موہالی:آسٹریلیا نے ہند کے خلاف ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے ہند کو اس کے ہوم گراونڈ پر ایک اور شکست سے دوچار کرکے 5ون ڈے کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ ہند کے شہر موہالی میں ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 358رنز بنا لئے۔ تیسرے میچ میں آرمی کی کیموفلاج کیپس پہن کر شکست میں ڈوبی ہندوستانی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شیکھر دھون نے مکمل طور پر بیٹنگ وکٹ پر 193 رنز کی پارٹنر شپ سے بڑے ہدف کی بنیاد رکھ دی۔روہت شرما 95 رنز بنا کر جے رچرڈسن کی گیند پر آوٹ ہوگئے تاہم شیکھر دھوان نے 143 رنزکی اننگزکھیلی۔ کپتان ویرات کوہلی 7 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ لوکیش راہل کے 26، رشبھ پنٹ کے 36، کیدار جادھو کے 10 اور وجے شنکر کے 26 رنز کی مددسے ہند نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 358رنزکا بڑا سکور بنالیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا اور کپتان ایرون فنچ صفر پر آوٹ ہوئے تو بعد میں آنے والے بیٹسمین شان مارش بھی 6 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔اس صورتحال میں پاکستان نژاد آسٹریلین بیٹسمین عثمان خواجہ گزشتہ میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر ہند کے سامنے ڈٹ گئے اور 91رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پیٹر ہینڈزکومب نے ان کا پورا ساتھ دیا ، پیٹر ہینڈزکومب نے سنچری مکمل کرتے ہوئے 117رنز کی اننگز کھیلی کی ، گلین میکسویل نے جارحانہ انداز میں 23 رنز بنائے۔اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 229 رنز تھا اور ان کے گمان میں بھی نہ تھا کہ میکسویل سے بھی زیادہ خطرناک کھلاڑی آنے والا ہے۔ون ڈے کرکٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے ایشٹن ٹرنر نے اپنی اننگز کا آغاز تو محتاط انداز میں کیا لیکن چند اوورز بعد ہی اس کھلاڑی نے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی موجوگی کا احساس دلایا بلکہ ہندوستانی بولرز کے ہوش اڑا دیے۔ ایشٹن ٹرنر نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار اننگز کھیل کر 43گیندوں پر84رنز بناتے ہوئے 2 اوورز قبل ہی 359 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرکے ہند کو ناقابل یقین شکست سے دوچار کردیا۔ایشٹن ٹرنز کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سیریز کا پانچواوں اور آخری ون ڈے 13مارچ کو نئی دہلی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے متحدہ عرب امارات روانہ ہو جائے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں