عمران خان کے سابق مشیر بابر اعوان پر فرد جرم عائد
اعظم خان
اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر بابر اعوان پر نندی پور پاور پروجیکٹ میں بدعنوانی کی فرد جرم عائد کردی ہے۔بابر اعوان پر الزام ہے کہ جب وہ پیپلز پارٹی دور میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وزیر قانون تھے توانہوں نے توانائی کے اس منصوبے پر کئی ماہ تک دستخط کرنے میں تاخیر برتی جس سے قومی خزانے کو27 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔
اس ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکرٹریز قانون بھی شریک ملزمان ہیں۔عدالت نے پیر کو فرد جرم عائد کی تو بابراعوان سمیت سب ملزمان نے جرم تسلیم کرنے سے صاف انکار کردیا۔اس انکار کے بعد اب ملزمان کا ٹرائل ہوگا، اگر وہ بے گناہی ثابت کرنے میں کامیاب ہوئے تو بری ہوجائیں گے ورنہ جیل کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے تحقیقات کے بعد جب ریفرنس دائر کیا تو اس وقت تک بابر اعوان پیپلز پارٹی چھوڑ کر وزیراعظم عمران خان کے مشیر بن چکے تھے۔ تحریک انصاف حکومت پر دباؤ بڑھا تو بابراعوان نے اپنے عہدے سے استعفی ٰ دے کر ریفرنس کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بابراعوان نے احتساب عدالت میں بریت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔ اس سے قبل کہ عدالت اس درخواست پر سماعت کرتی خود بابر اعوان نے ہی یہ درخواست واپس لے لی۔ بابراعوان نے موقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ نے انہیں مروجہ قوانین کے تحت ہی انصاف حاصل کرنے کی تلقین کی ہے۔